۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ احمد اقبال رضوی

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت میں مہنگائی کے خلاف جہاد کا نعرہ بلند کرکے سڑکوں پر آنے والی موجودہ حکومت نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت میں مہنگائی کے خلاف جہاد کا نعرہ بلند کرکے سڑکوں پر آنے والی موجودہ حکومت نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت اور ان کے اتحادیوں کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں ان کا عوام کی تکالیف اور مسائل نظر نہیں آرہے۔مہنگائی کے باعث ہر دوسرا شخص شدید ڈپریشن کا شکار ہے۔ بے بس ولاچار طبقے کی کہیں شنوائی نہیں۔غریب عوام اپنے جگر کے ٹکڑوں کو اپنے ہاتھوں سے ذبح کر کے خودکشیاں کر رہے ہیں اور حکومت ناچ گانے کی محفلیں سجھا کر اسے ملکی خوشحالی کا جواز قرار دے رہی ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔بلوچستان اور دوسرے علاقوں میں سیلابی ریلوں کے نقصانات ہوں یا ملک کو شدید ترین معاشی بدحالی کا سامنا، نون لیگ کی حکومت نے ہمیشہ بےحسی کا مظاہرہ کیا ہے۔عوام سے ان کا تعلق صرف انتخابات تک محدود ہے۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے رہی سہی سانسیں نہ چھینی جائیں۔ حکومت اور عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں جا کر اہل علاقہ سے ان کے مسائل دریافت کریں تاکہ عوامی مشکلات کا اندازہ ہو۔ ائیر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والوں کو باہر کے حالات کا درک نہیں ہے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .